احمد آباد،28/جولائی (ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) ایک شخص کو سوشل میڈیا پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا ای۔ کارڈ بنانا بھاری پڑ گیا۔گجرات میں احمد آباد کرائم برانچ کی سائبر سیل نے اس شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔اس شخص پر الزام ہے کہ اس نے مبینہ طور پر پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان اورجیل میں بند عصمت دری کے قصورواروں، آسارام اور رام رہیم کو ای۔ کارڈ کے ذریعے فرضی طریقے سے بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کا رکن دکھایا۔ملزم شخص نے صرف یہی نہیں کیا بلکہ سوشل میڈیا پر عمران خان، آسارام اور گرمیت رام رہیم کے سوشل میڈیا اکاونٹس پر انہیں مینشن بھی کر دیا۔اس کی اشاعت کے بعد یہ پوسٹ خوب وائرل بھی ہوا،ملزم شخص کا نام غلام فرید شیخ بتایا جا رہا ہے۔ملزم کی عمر 40 سال ہے۔احمدآباد بی جے پی کے جنرل سکریٹری کملیش پٹیل نے کہا کہ ملزم نے عمران خان، آسا رام باپو اور گرمیت رام رحیم کا ای۔ممبرشپ کارڈ سوشل میڈیا پر شیئرکیا۔اس سے پارٹی کی تصویر کو نقصان پہنچ رہا ہے۔کملیش پٹیل نے پولیس کو رجسٹر کرائے گئے ایف آئی آر میں کہا ہے کہ ملزم نے بی جے پی کی تصویر کو نقصان پہنچانے کے لئے وہاٹس ایپ گروپوں پر بھی اس ای۔ کارڈ شیئر کیا ہے۔